(سیداظہرحسین بیوروچیف دبئی)
امارات کے سرکاری دورے کے دوران پاکستان کے امیرالبحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے امارات کے مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹینٹ جنرل حماد محمد ثانی الرمیثی اور کمانڈر نیول فورسز ریئر ایڈمرل (پائلٹ) سعید بن حمدان النہیان سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ایڈمرل محمد امجد خان کو امارات بحریہ کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے ابوظبی میں قائم جہاز سازی کی صنعت، نیول فورسز انسٹی ٹیوٹ اور غنتوت نیول بیس کا دورہ بھی کیا۔ کمانڈر یو اے ای نیول فورسز سے ملاقات کے دوران باہمی بحری تعاون اور علاقائی بحری سکیورٹی کے امور زیرِ بحث آئے۔ پاک نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں شرکت کے ذریعے میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ پاکستانی نیول چیف نے پاکستان کی بین الاقوامی بحری مشق امن۔21 میں شرکت پر یو اے ای نیول فورسز کے کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔ کمانڈر یو اے ای نیول فورسز نے مشترکہ بحری سکیورٹی اور مشق امن۔ 21 کے کامیاب انعقاد کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔ بعدازاں، متحدہ عرب امارات مسلح افواج کے چیف آف سٹاف سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور بشمول باہمی دفاعی تعاون کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔ نیول چیف نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مشقوں اور تربیتی پروگرامز کے ذریعے روابط بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور باہمی روابط کو مزید بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر کمانڈر یو اے ای نیول فورسز نے سربراہ پاکستان بحریہ کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔