(اسلام آباد سے ھیڈ آف نیوز منتظر مہدی)
یوم پاکستان پر اسپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی قوم کو مبارکباد
پااکستان کو درپیش بحران سے نکالنے کے لیے 23مارچ 1940ء والے جذبے کو دہرانے کی ضرورت ہے؛ اسپیکر قومی اسمبلی
اسلا م آباد 22مارچ 2021: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے یوم پاکستان کے پر وقار موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 23مارچ کا دن بر صغیر کی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے ۔
اسپیکر اسد قیصر نے قوم کے نا م اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ 81سا ل قبل آ ج کے دن جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں نے قائدا عظم محمد علی جناح کی قیادت میں لاہور میں اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے کا عہد کیا اورقرار داد لاہورمنظور کی جسے بعد میں قرارداد پاکستان کا نام دیا گیا۔انہوں نے کہا اس قرارداد نے مسلمانوں کو نئی سمت اورسوچ عطاء کی اور تحریک آزادی کو نیا جوش اور ولولہ بخشا۔
انہوں نے کہا کہ قائدا عظم نے اسلام کے امن وبرداشت اور انسانیت سے محبت کے اصول کو اپنا شعار بنایا جس سے نہ صرف مسلمنان ہند بلکہ برصغیر میں بسنے والی دیگر اقلیتیں بھی متاثر ہوئیں اور مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے مطالبے کی تحریک میں شامل ہو گئیں۔ اسپیکر نے قائدا عظم کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی مدبرانہ قیادت اور مقصد کے حصول سے سچی لگن کا کمال تھا کہ قرارداد پاکستان کی منظوری کے صرف سات برسوں کے قلیل عرصہ میں مسلمان ایک پر امن جدوجہد کے ذریعے تمام تر مشکلات و مصائب کے باوجود اپنے لیے ایک علیحدہ وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے آج کے دن ہمیں بحیثیت مجموعی آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملک کی تعمیر و تر قی کے لیے ملی اتحاد اور قائد کے اتحاد یقین اور تنظیم کے رہنما اصولوں کو اپنانے کا عہد کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر ہمیں اُسی عہد اور جذبے کو دہرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ملک اس وقت جن بحرانوں سے گزر رہا ہے ان سے نبردآزما ہونے کے لیے ہمیں سیاسی اختلافات سے بالا تر ہو کر ملک اور قوم کے لیے اجتماعی سوچ اپنانے کی ضرورت ہے۔
اسپیکراسد قیصر نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ کشمیر کی بہن اور بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں جو غیر انسانی محاصرے میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستانی قوم ہمیشہ آپ کےشانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر بھارتی فاشسٹ نظریے پر کاربند بھارتی حکومت نے اقلیتوں کے ساتھ انتہائی غیر انسانی سلوک برتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے بھارت میں لاکھ مسلمانوں اور سکھوں سمیت دیگر اقلیتیں سراپہ احتجاج ہیں اور عالمی برادری سے اپنے جائز حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو 5اگست 2019سے دنیا کی سب سے بڑی اوپن جیل میں پابند سلاسل رکھا ہوا ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے فوری حل کے لیے کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرادادوں کے مطابق اپنا منصفانہ اور غیر جانبداران کردار ادا کرنا ہو گا۔ اسپیکر اسد قیصر نے مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج نے ملکی سرحدوں کے ساتھ ساتھ ملک میں دہشتگردی کا بھی قلع قمع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر کرتی ہے۔
ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ قرارداد پاکستان نے آزادی کی تحریک میں ایک نئی روح پھونکی اور مسلمانوں کو ایک عظیم مقصد کے حصول کے لئے ایک پلیٹ فارم پر متحد کر دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ انہوں نے ملکی دفاعی اداروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملکی بقاء کی خاطر جو قربانیاں دی ہیں انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔دونوں قائدین نے یقین دلایا کہ پارلیمان اور موجودہ حکومت اس مملکت خداداد کی تہذیب، ثقافتی ورثے اور اقدار کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ قرار داد پاکستان کی روشنی میں ہی ملک میں معاشی اور سماجی انقلاب لانے کی بھر پور کرششیں جاری رکھی جائیگی۔