مشال ارشد ( سی -ایم انڈرگراونڈ نیوز)
سیشن کورٹ نے میشا شفیع کےعدالت میں پیش ہونے کے حکم کو کالعدم قرار دے دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ میں گلوکارہ،ماڈل اور میوزک کمپوزر میشا شفیع کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے میشا شفیع کی اپیل پر سماعت کی ۔
ذراائع کے مطابق دوران سماعت سیشن کورٹ نے میشا شفیع کو ضلع کچہری میں سیکیورٹی بونڈز جمع کروانے سے روک دیا۔
اس کے علاوہ عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور میشا شفیع کی اپیل پر فیصلہ ہونے تک طلبی کو کالعدم قرار دیا ۔
واضح رہے کہ میشا شفیع نے ضلع کچہری میں طلبی کو سیشن کورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔
اس حوالے سے میشا شفیع کا کہنا تھا کہ اپنے خاوند اور بچوں کے ہمراہ کینیڈا میں مقیم ہوں، علی ظفر کی مدعیت میں ایف آئی اے نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا، کورونا کی وجہ سے کینیڈین حکومت نے ایڈوائزری جاری کر رکھی ہے، لہذا ابھی پاکستان آنا ممکن نہیں ہے تاہم ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہونے کو تیار ہوں، سیشن کورٹ ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہونے کی اجازت دے۔