مشال ارشد ( سی -ایم انڈرگراونڈ نیوز)
لاہور:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بڑے بڑے سیاسی مافیا ز قانون کی بالادستی کےخلاف مزاحمت کررہےہیں، لیکن کوئی خود کو قانون سے بالاتر نہ سمجھے، بڑے سے بڑے مافیاز کو قانون کے نیچے لارہے ہیں۔
لاہور میں نیا پاکستان منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستا ن منصوبے سے متعلق قانون پاس کرنے میں 2 سال لگے، مورگیج فنانسنگ صفر اعشاریہ دو فیصد تھی، منصوبے سے متعلق قانون پاس نہ ہوتا تو بینک پیسے نہ دیتے، قانون پاس کرنے پر عدلیہ کا مشکور ہوں۔ ملک میں تعمیراتی شعبہ چل چکاہے، اس سے جڑی مزید صنعتیں بھی چل پڑی ہیں، مارچ میں سب سے زیادہ سیمنٹ کی پیدا وار ہوئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسٹیٹس کو کسی بھی نظام کو بندلنے میں بڑی رکاوٹ ہوتی ہے، کسی سسٹم میں برائی، کرپشن اور رکاوٹیں آجاتی ہیں تو تبدیلی میں وقت لگتا ہے، اداروں میں آٹومیشن کےلیے رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں، اور آٹو میشن کی مخالفت کرپشن کے لیےکی جاتی ہے، ہم نے پورے سسٹم کو خراب ہوتے ہوئے دیکھا۔
عمران خان نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں مدینے کی ریاست کہاں ہے، لوگوں سے کہتا ہوں مدینہ کی ریاست کی بنیاد 2 اصولوں پر مبنی ہے، قانون کی بالادستی اور دوسرا ریاست کا فلاحی کردارہے، مدینے کی ریاست میں قانون کی بالادستی تھی، طاقتور اور کمزور کے لیے یکساں نظام قانون سے ہی قومیں کامیاب ہوتی ہیں، ہم بڑے بڑے مافیاز کو قانون کے نیچے لا رہے ہیں، کوئی خود کو قانون سے بالاتر نہ سمجھے، بڑے بڑے سیاسی مافیا ز قانون کی بالادستی کےخلاف مزاحمت کر رہے ہیں، پاکستان میں آج قانون کی بالادستی کی جنگ چل رہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ، پناہ گاہ اور کوئی بھوکا نہ سوئے ہماری فلاحی اسکیمیں ہیں، ملک میں سب سے زیادہ غربت خیبرپختونخوا میں کم ہوئی ہے، 6 سال کے دوران کےپی میں ناصرف غربت کم ہوئی بلکہ انسانوں پر سب سےزیادہ سرمایہ کاری ہوئی، پنجاب بھر میں ہر شہری کو صحت کارڈ ملے گا، کوئی بھوکا نہ سوئے کاپراجیکٹ پورے ملک میں پھیلایاجائے گا۔
وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان ایوان وزیراعلیٰ پنجاب پہنچے، جہاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے کے انتظامی اورسیاسی معاملات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی، اور بتایا کہ پنجاب میں تمام اضلاع کےلئے ترقیاتی پیکیجز دیئے جارہےہیں، پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی طور پر توجہ دے جارہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ مہنگائی کے خاتمے کے لئے حکومتی اقدامات کے ساتھ وزرا کو بھی ٹاسک سونپے ہیں، رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ سستی فراہم کرنے کے لئے پیکیج دے رہے ہیں، رمضان المبارک میں عوام کو 2018کی قیمتوں پر اشیاکی فراہمی کی جائےگی، تعلیم ،صحت ، ہاوسنگ سمیت تمام اہم شعبوں میں اقدامات کیے جارہے ہیں، کورونا کے حو الے سے صوبہ بھر میں سنٹر ز بنا کر ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔
کورونا سے حوالے سے حکومت پنجاب کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں اورعوامی ریلیف کے عمل کوتیز کیاجائے، اور ہاوسنگ کے شعبے میں کام کی پیش رفت پر کڑی نظر رکھی جائے۔