مشال ارشد سی ایم انڈرگراونڈ نیوز
حکومت نے عالمی سطح پر ای کامرس سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کر دیے جس کے تحت سمیڈا ایمازون کے ذریعے ای ٹریڈ بڑھانے کے لیے چھوٹی اور درمیانی صنعتوں ہرقسم کی مراعات فراہم کرے گی۔
اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز زڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو ہاشم رضا نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے میں روزگار کی فراہمی میں ایس ایم ای سیکٹر کا حصہ 78 فیصد ہے، ملکی معیشت میں کلیدی اہمیت کے حامل اس سیکٹر کو ایمازون کے ای چینلز سے فائدہ اٹھانے کیلئے تیار کررہے ہیں۔
ہاشم رضا کا کہناتھا کہ پاکستان میں ای کامرس کا حجم 96 ارب روپے ہے، ہمارا فوکس زیادہ پوٹنشل والے شعبوں پر ہے، چھوٹے شہروں کے نوجوانوں کو ٹریننگ ،قرضوں کے حصول ،ٹیکنالوجی اور مارکیٹنگ کیلئے ہرقسم کی معاونت فراہم کررہے ہیں۔
سمیڈا چیف نے مزید کہا کہ روزگار بڑھانے کیلئے صوبائی اور وفاقی حکومت کے تمام وسائل کا رخ ایس ایم ای کی طرف موڑنا ہوگا، ایمازون نے حال ہی میں پاکستان کو سیلر لسٹ میں شامل کیا ہے جس سے روزگار کے بےشمار مواقع پیدا ہوں گے۔