مشال ارشد سی ایم انڈرگراونڈ نیوز
کارکے رینٹل پاور ریفرنس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور دیگر ملزمان کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کر دیا ہے۔
نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ضمنی ریفرنس میں سابق ایم ڈی پیپکو رسول خان محسود کو مرکزی ملزم بنایا گیا ہے۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ رسول خان محسود نے 10 ہزار امریکی ڈالر رشوت لی تھی، رسول خان نے کارکے کمپنی کو غیرقانونی فوائد دیئے۔
نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ کنٹریکٹ لینے والی کمپنی بنیادی کوالیفکیشن پر پوری نہیں اترتی تھی لیکن رسول خان محسود ماتحتوں پر دباؤ ڈالتے رہے، رسول خان محسود نے کمرشل آپریشن ڈیٹ کا جعلی سرٹیفکیٹ دیا۔
ضمنی ریفرنس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دو نامزد ملزمان انور بروہی اور رانا امجد پلی بارگین کر چکے ہیں، انور بروہی لاکھڑا پاور جنریشن کے سابق سی ای او تھے۔
نیبضمنی ریفرنس کارکے کمپنی کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدے کے بعد دائر کیا گیا، نیب نے سیٹلمنٹ کی روشنی میں حاصل شواہد پر ریفرنس دائر کیا، نیب کی طرف سے کارکے ضمنی ریفرنس میں 14 دستاویزی شواہد شامل ہیں۔