مشال ارشد سی ایم انڈرگراونڈ نیوز
سینئر اداکارہ صبا فیصل کے بیٹے اداکار سلمان فیصل کی اہلیہ سے علیحدگی کی افواہیں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سلمان فیصل نے وضاحت پیش کردی۔
سلمان فیصل کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے طلاق سے متعلق افواہوں کی تردید کی گئی ہے۔
اسٹوری میں اداکار نے لکھا ہے کہ ہماری طلاق نہیں ہوئی ہے، برائے مہربانی جھوٹی افواہوں اور نفرت انگیز تبصروں کو پھیلانے سے گریز کریں۔
خیال رہے کہ کچھ ماہ سے سلمان اور نیہا کی علیحدگی کی خبریں انٹرنیٹ پر وائرل ہورہی ہیں، جس کے بعد سلمان فیصل کی اہلیہ نیہا ملک کی پوسٹ پر ماریہ فاروق نامی صارف نے پوچھا تھا کہ آپ کے شوہر کہاں ہیں؟
صارف کے کمنٹ کا جواب دیتے ہوئے نیہا نے شوہر سے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تو ان سے ہی پوچھیں کہ وہ کہاں ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ سلمان فیصل اور نیہا ملک 2 سال قبل عالیشان طور پر منعقد کی گئی ایک تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کی شادی میں شوبز کی معروف شخصیات نے شرکت کی تھی۔