دبئی (بیورو رپورٹ)
امارات ائرلائن کا کہنا ہے کہ دبئی آنے والے مافروں کو ایکسپو 2020 دیکھنے کے لیےایک دن کا مفت ٹکٹ فراہم کیا جائے گا۔ یہ پیشکش یکم اکتوبر سے 31 مارچ 2022 تک جاری رہے گی۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی ایکسپو میں شرکت کرنے والے ایسے مسافر جو امارات ایئر کے ذریعے ان تاریخوں میں متحدہ عرب امارات آئیں گے انہیں ایک دن کا مفت ٹکٹ فراہم کیا جائے گا۔ مفت ٹکٹ کی پیشکش ان ٹرانزٹ مسافروں کےلیے بھی ہو گی جو امارات ایئر کے ذریعے سفر کررہے ہوں گے اور ان کا دبئی میں قیام چھ گھنٹے سے زیادہ کا ہوگا۔
ایئرلائن کا مزید کہنا تھا کہ دبئی ایکسپو کے لیے مفت ٹکٹ کے دن کا انتخاب مسافر کا اختیارہوگا۔ مسافر یکم اکتوبر سے 31 مارچ 2022 تک کی کوئی بھی تاریخ کو ایکسپو دیکھنے کےلیے مخصوص کرسکتے ہیں۔
ایکسپو میں شرکت کرنے کے لیے مفت ٹکٹ کے حصول کے مرحلے کو مزید آسان بناتے ہوئے امارت ایئر نے ویب سائٹ پرای میل مخصوص کی ہے جس کے ذریعے اعلان کردہ تاریخوں میں امارات ایئر سے سفر کرنے والے اپنا اندراج کراسکتے ہیں۔ امارات ائرلائن نے واضح کیا ہے اس مفت ٹکٹ کو نہ فروخت کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی اس کا تبادلہ ہوسکے گا ۔ پرواز منسوخ یا تبدیل ہونے کی صورت میں ٹکٹ کارآمد نہیں رہے گا تاہم مسافر نیا ٹکٹ کلیم کرسکیں گے۔