دبئی(بیورو رپورٹ)
نائب صدر وزیراعظم حاکم دبئی محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی کے حکمران کی حیثیت سے دبئی میں تعمیراتی شعبہ کیلئے تھری ڈی پرنٹنگ کے استعمال کو باضابطہ بنانے کی خاطر حکمنامہ نمبر 24 مجریہ 2021 جاری کردیا۔
بلدیہ دبئی اس حکم نامے پر عملدرآمد کی ذمہ دارہوگی نئے قانون سے امارت کے اس سٹریٹجک ہدف کومعاونت ملے گی جس کے تحت 2030 تک 25 فیصد عمارتوں کی تعمیر کو تھری ڈی ٹیکنالوجی کے استعمال سے بنانا مقصود ہے اس حکم نامہ کے تحت دبئی کو تھری ڈی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں علاقائی اور عالمی مرکز بنایا جائے گا ، وسیع تناظر میں یہ دبئی کے اندر جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانے اور اقتصادی ترقی کو تقویت دینے کا باعث ہوگا اس سے تعمیراتی منصوبوں میں اثریت اور کارکردگی بڑھے گی ،مقامی صنعت کی مسابقت کو فروغ ملے گا ، زیاں کم سے کم ہوگا اور اس شعبے کی نمایاں کمپنیوں کو آگے آنے کی ترغیب ملے گی تھری ڈی پرنٹنگ میں کام کرنے کے خواہش مند ادارے کو بلدیہ دبئی میں رجسٹریشن کرانا ہوگی اور دیگرحکام سے ضروری منظوری سے قبل لائسنس حاصل کرنا ہوگا ۔
رئیل اسٹیٹ کے ڈویلپرز اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ تھری ڈی سے متعلق منصوبے صرف لائسنس یافتہ کنٹریکٹرز سے تعمیر کریں بلدیہ دبئی کے ڈی جی کی جانب سے اس حکم نامہ پر عملدرآمد کی خاطر ضروری فیصلہ سازی کی جائے گی ، اس نئے حکم نامہ کے تحت وہ تمام قوانین کالعدم تصور ہوں گے جو اس سے متصادم ہوں گے۔ نیا حکم نامہ فوری طور پر نافذالعمل ہوگا۔