مزمل حسین ایڈمنسٹریٹر آفسیر انڈرگراونڈ نیوز
سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر اور پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مستعفی ہونے والے بولنگ کوچ وقار یونس کو مشورہ دیا ہے کہ اب وہ دوبارہ کمنٹری کرنے کے بجائے پہلے کوچنگ سیکھیں۔
عاقب جاوید نے کہا کہ وقار یونس جب بھی کوچنگ سے ہٹے ہیں انہوں نے دوبارہ کمنٹری شروع کی، وقار نے دو ہی کام کیئے ہیں، ایک کمنٹری اور ایک کوچنگ، کوچنگ انہوں نے سیکھی نہیں اس لیے بہتر ہے کہ اب وہ کمنٹری کے بجائے کوچنگ سیکھنے پر توجہ دیں۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہو ئے عاقب جاوید نے کہا کہ یہ میرے سکون کی بات نہیں ہے کہ مصباح الحق اور وقار یونس کوچنگ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی قومی ٹیم ہے جب مصباح الحق کو کوچنگ کی ذمے داریاں دی گئی تھیں میں نے اسی دن کہا تھا کہ اس سے بڑی زیادتی کوئی اور نہیں ہو سکتی کہ آپ پہلی مرتبہ کوچنگ کریں اور قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں، ایسا ہو نہیں سکتا۔
عاقب نے کہا کہ وقار یونس کے بارے میں اب تو میں تب خوش ہوں گا کہ وہ اب کوچنگ سیکھیں اور سیدھا جا کر کہیں کوچنگ کریں، کمنٹری میں مت جائیں، 15 برسوں میں 5 مرتبہ کوچ بنے ہیں، اتنا تو کسی پلیئر کا کم بیک نہیں ہوتا، یہاں کوچ کا کم بیک ہوتا ہے، ایسا دنیا میں کہیں نظر نہیں آئے گا۔