لندن(عارف چودھری)
جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل اور یوتھ کونسل پاکستان کے زیر اہتمام جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں عظیم کشمیری راہنماؤں سید علی گیلانی اور شیخ تجمل الاسلام سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر کشمیر میڈیا سروس پاکستان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس اور کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور انجینئر علی محمد خان اور مشعال حسین ملک نے کانفرنس میں بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بھارت کے خلاف سخت موقف اپنانے پر اور مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی عملی میدان میں مضبوط آواز بننے پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
مقررین نے کہا کہ صدر ریاست آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے دورہ امریکہ سے بھارتی وزیر اعظم نریندرہ مودی اور اس کی ہندوتوا سوچ کے حامیوں میں کھلبلی مچ چکی ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری بھارتی وزیر اعظم کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کے دوران اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر بہت بڑی تعداد میں مظاہرے کی قیادت کریں گے۔
کانفرنس سے عظیم کشمیری راہنما مشعال حسین ملک نے خطاب کیا اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا اور حکومت پاکستان کے عملی تعاون اور عالمی کردار کی بھرپور انداز میں تعریف کی۔ مشعال حسین ملک نے عظیم کشمیری راہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان نے اپنے خطاب میں کشمیری راہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا اور مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور حکومت پاکستان کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اور مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف وویمن ونگ کی ڈپٹی سیکرٹری خولہ خان نے کشمیری راہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پاکستان میں بھی ہے اور آزادجموں و کشمیر میں بھی ہے اور ہماری کوششیں ضرور رنگ لائیں گی اور پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ہی مسئلہ کشمیر پر امن طریقہ سے حل کر لیا جائے گا۔
یوتھ کونسل پاکستان کی راہنما شیزا احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد کانفرنس میں موجود ہے جو اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ نوجوان حق خود ارادیت کے حصول کے لئے بے حد سر گرم ہیں اور اپنے مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔کانفرنس سے راجہ نجابت حسین نے خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور حکومت آزادجموں کشمیرکو بھارت کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
مقررین نے راجہ نجابت حسین اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد دی اور کہا کہ راجہ نجابت حسین کافی عرصہ سے مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے پوری دنیا میں سرگرم ہیں اور ان کا کام قومی و بین الاقوامی سطح پر قابل ستائش ہے۔ یوتھ کونسل پاکستان کے صدر شہزاد خان نے اپنے خطاب میں اپنی تنظیم کے کاموں کے بارے میں بریفنگ دی اور کانفرنس کے اختتام پر یوتھ کونسل پاکستان کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری بھی منعقد کی گئی اور وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان اور راجہ نجابت حسین نے یوتھ کونسل پاکستان کے عہدیداران سے حلف لیا۔
حریت راہنما عبدالحمید لون اور دیگر مقررین نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں منعقد ہونے والی حالیہ چوتھی بحث میں بھی جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل اور ان کے ساتھ کام کرنے والی جماعتوں، تحریکوں اور انفرادی حیثیت رکھنے والے با اثر افراد کا بہت بڑا اور کلیدی کردار ہے جسے عالمی برادری تسلیم کرتی ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے وزیر اعظم پاکستان کا ورچوئل خطاب لائق تحسین اور انتہائی قدرو قیمت والا خطاب ہے جس سے پوری دنیا کی آنکھیں کھل چکی ہیں اور پوری دنیا پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔
راجہ نجابت حسین اور شہزاد خان نے تمام شرکاء کانفرنس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی کانفرنس میں وفاقی وزیر مملکت کی شرکت سے مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی تحریک حق خود ارادیت کو مذید تقویت ملے گی۔