Reg: 12841587     

اوورسیز پاکستانیوں کی زیادہ شکایات اپنے رشتہ داروں کے خلاف کیوں؟

دبئی (بیورو رپورٹ)

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بنائے گئے کمیشن کے مطابق سب سے زیادہ ایسے کیسز ہیں جن میں سمندر پار پاکستانیوں کو اپنے ہی رشتہ داروں سے شکایت ہوتی ہے۔

کمیشن کے وائس چیئرمین سید طارق محمود الحسن نے انکشاف کیا کہ ان کے پاس آنے والی 90 فیصد شکایات میں ملزمان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اپنے رشتہ دار ہی ہوتے ہیں ۔ زیادہ تر شکایات اوورسیز پاکستانیوں کی ملک میں موجود جائیدادوں پر قبضے کی ہوتی ہیں۔

ان میں سے بھی 90 فیصد قبضے ان کے اپنے رشتہ داروں نے کئے ہوتے ہیں کیونکہ اور کوئی کرنہیں سکتا۔ وہ پیسے بھی انہی کو بھیجتے ہیں انہی کے ذریعے خریدوفروخت بھی کرتے ہیں۔ چونکہ عام طور پر لوگ اپنی خریدی ہوئی جائیدادوں کو اپنے والدین کے نام ہی لکھواتے ہیں تو ان کی وفات کے بعد صورت حال بدل جاتی ہے۔

سید طارق کہتے ہیں کہ ’یہ ایک افسوسناک بات ہے کہ خون کے رشتے بھی اس صورتحال سے متاثر ہوتے ہیں۔ ہم جب یہاں بیٹھ کر ان کی شکایات سنتے ہیں تو ایک طرح کا جھٹکا بھی لگتا ہے کہ اپنے لوگ ایسا بھی کر سکتے ہیں؟ وہ کہتے ہیں کہ اگر رشتہ دار قبضہ نہ بھی کریں تو تقسیم اس طرح کرتے ہیں کہ فرنٹ والی زمین خود رکھ لیتے ہیں پیچھے والی ان کو دیتے ہیں جس کی مالیت بہت کم ہوتی ہے۔ پھر جب یہ مسئلے ہمارے پاس آتے ہیں تو ہم ان کو حل کرتے ہیں اور متعلقہ انتظامیہ سے کہتے ہیں کہ میرٹ پر فیصلہ کیا جائے۔

رشتہ دار قبضے کیوں کرتے ہیں؟
اس بارے میں سید طارق محمود الحسن کا کہنا ہے کہ بنیادی وجہ تو ظاہر ہے کہ لالچ ہی ہوتا ہے۔ وہ یہاں پر ہوتے ہیں اور سب کچھ ان کی آنکھوں کے سامنے ہی پڑا ہوتا ہے۔

دوسری اہم بات یہ ہے کہ وہ مختار نامے اپنے رشتہ داروں کے نام ہی کراتے ہیں کیوںکہ اگر کسی بھی وقت اس جائیداد کو فروخت کرنا ہو یا کسی اور جگہ منتقل کرنا ہو تو پاور آف اٹارنی جس کے نام ہوتی ہے وہ ہی یہ اس جگہ کو قانونی طور پر ادھر سے ادھر کرسکتا ہے۔آپ باہر سے آکر خود خریدوفروخت کریں گے تو یہ الگ سے ایک بڑا مسئلہ ہوتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ان جائیدادوں پر قبضے آسان ہوتے ہیں۔ قبضہ نہ بھی ہو تو اس نوعیت کے فراڈ ہوتے ہیں کہ آپ حیران رہ جاتے ہیں، اور یہ سب ان اجازت ناموں کے باعث ہوتا ہے جن کو قانونی طور پر پاور آف اٹارنی یا مختار نامہ کہا جاتا ہے۔

اوورسیز کمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق اس کمیشن کے وجود میں آنے کے بعد سے آج تک سمندر پار پاکستانیوں نے کل 25 ہزار 879 شکایات درج کرائیں جن میں سے 16 ہزار 268 حل کی جا چکی ہیں۔

جو شکایات ابھی تک پراسیس میں ان میں سب سے زیادہ جائیداد سے متعلق ہیں جن کی تعداد پانچ ہزار سے زائد ہے، دوسرے نمبر پر پولیس سے متعلق شکایات ہیں جو 4500 کے قریب ہیں۔

سید طارق محمود الحسن حال میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے نئے سربراہ تعینات کئے گئے ہیں۔ ان کی زندگی کا ایک بڑا حصہ برطانیہ میں گزرا ہے اور انہوں نے گذشتہ ہفتے ہی محکمے کا چارج سنبھالا ہے۔ خیال رہے کہ پنجاب کا اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملک کے کسی بھی صوبے کا واحد کمیشن ہے جو ایک ایکٹ کے تحت 2014 میں وجود میں آیا۔ اس میں بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی شکایات براہ راست درج کراتے ہیں اور ان کی شکایات کے ازالے کے لیے ضلعی سطح تک کمیٹیاں بنائی جاتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Previous Post

شاہد آفریدی اور محمد عامر ابوظبی ٹی 10 سیزن 5 میں شامل

Next Post

ایکسپو 2020 میں پاکستان پویلین کا افتتاح

Related Posts
Total
0
Share