مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرئونڈ نیوز)
مسلم لیگ ن کے رہ نما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ شہزاد اکبر کے تمام مقدمات جھوٹ کا پلندہ ہیں، ان کے پاس عدالتوں میں سنانے کیلئے کچھ نہیں۔
عطا تارڑ نے وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ عدالتوں میں نامکمل چالان جمع کرواتے ہیں، جب دل کرتا ہے یہ ایک نیا کیس بنا دیتے ہیں، شہزاد اکبر نوکری بچانے کیلئے جھوٹ بولتے ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ٹھوس ثبوت ہے تو عدالتوں میں ثابت کریں، ہم ماضی میں بھی سرخرو ہوئے ہیں، آئندہ بھی ہوں گے۔
(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ سب کو پتا ہے کہ عمران نیازی کے دن گنے جا چکے ہیں، ہم ان لوگوں کو ملک سے بھاگنے نہیں دیں گے۔
گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا تھا کہ نواز شریف اشتہاری ہیں، انہیں پاسپورٹ نہیں مل سکتا۔ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ اسحاق ڈار نے سیاسی پناہ کا کیس فائل کیا ہے۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ نواز شریف علاج کی غرض سے گئے مگر انہوں نے علاج نہیں کرایا، انہیں کورونا کی وجہ سے ویزے میں ایک توسیع ملی۔
شہزاد اکبر کا یہ بھی کہنا تھا کہ برطانیہ میں مجرم کو وزٹ ویزے کی اجازت نہیں ملتی، شواہد ہیں کہ ان اکاؤنٹس میں کک بیکس اور کمیشن بھی وصول کیے گئے۔