Reg: 12841587     

پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر کا آغاز کراچی سے ہو چکا، وفاقی ماہرین صحت

مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)

وفاقی ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر کا آغاز کراچی سے ہو چکا ہے، محکمہ صحت سندھ نے شہر میں مزید 10 افراد میں اومی کرون ویریئنٹ کی تصدیق کی ہے۔

حکام محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں اومی کرون کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے، مزید 10 نئے کیسز کے بعد اب شہر میں اومی کرون ویریئنٹ کے مریضوں کے تعداد 54 ہوگئی ہے۔

وفاقی حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں اومی کرون ویرئینٹ جنگل کی آگ کی طرح پھیل رہا ہے جس کے سبب شہرقائد میں کورونا مثبت کیسزکی شرح7 فیصد ہوچکی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں ویکسینیشن کی شرح محض 40 فیصد ہے جس سے کیسز بڑھ رہے ہیں، کراچی کے بعد اگلا نمبر لاہور کا ہے جہاں اومی کرون کی وجہ سے کیسز بڑھنے لگے ہیں۔

وفاقی حکام نے بتایا کہ اسلام آباد میں بھی اومی کرون کی کمیونٹی ٹرانسمیشن شروع ہوچکی ہے۔

ڈاکٹر فیصل محمود کاکہنا ہے کہ کراچی میں کیسز روکنے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے، کورونا کیسز بڑھنے سے اسپتالوں میں مریضوں کے داخلے بھی بڑھیں گے،یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اومی کرون ویریئنٹ کم خطرناک ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 708کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 2افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 144 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 55 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 943 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 235 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے زیرِ علاج مریضوں میں سے 632 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 57 ہزار 168 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 45 ہزار 643 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 35 لاکھ 14 ہزار 774 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Previous Post

ایم کیو ایم چاہتی ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات نہ ہوں، سعید غنی

Next Post

ماسک استعمال نہ کرنے کا جرمانہ ایک لاکھ ریال تک

Related Posts
Total
0
Share