مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں واقع قالین بنانے کے کارخانے اور گودام میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں سلنڈر پھٹنے کے دھماکے بھی ہوئے۔
رہائشی علاقے میں قائم کارخانے میں آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ساتھ ہی موجود 2 منزلہ رہائشی عمارت کے مکین گھر چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہو گئے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق بلوچ کالونی میں واقع جونیجو ٹاؤن کے رہائشی علاقے میں قائم قالین کے کارخانے اور گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کارخانے سے متصل 2 منزلہ رہائشی عمارت سے بھی شعلے اوپر جا رہے تھے، جس کے بعد عمارت کے رہائشیوں نے باہر نکل کر اپنی جان بچائی۔
آگ لگنے کے بعد سلنڈر پھٹنے سے دھماکے بھی ہوئے، فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
فائر بریگیڈ کے 6 فائر ٹینڈرز کی مدد سے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ بجھا دی گئی، آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
قریبی مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں قائم غیر قانونی گوداموں کی وجہ سے ہماری جانوں کو خطرہ ہے۔