مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
پڈعیدن کے قریب کراچی سے اسلام آباد جانے والی گرین لائن ٹرین کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثے کے باعث اپ ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگئی۔
ریلوے حکام کے مطابق آخر کی دو بوگیوں کو ہٹا کر گرین لائن ٹرین کو روانہ کردیا گیا ہے ، اپ ٹریک بند ہونے کے باعث ڈاؤن ٹریک سے تمام اپ ڈاؤن ٹرینوں کو گزارا جائے گا۔
ڈی ایس ریلوے سکھر ڈویژن کے مطابق گرین لائن ٹرین کو حادثہ پڈعیدن کے قریب ابراہیم شاہ کے قریب پیش آیا، ٹرین کی آخر میں لگی ایک اکانومی اور دوسری پاور پلانٹ بوگی کے ویل پٹری سے اترگئے۔
گرین لائن ٹرین کو متاثرہ بوگیوں سے الگ کرکے منزل کی جانب سے روانہ کردیا گیا ہے جبکہ متاثرہ بوگی کے مسافروں کو گرین لائن سمیت دیگر ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا گیا۔
ڈی ایس ریلوے کے مطابق امدادی کرین روہڑی سے حادثے کے مقام کیلئے روانہ کردی گئی ہے، ریلیف آپریشن جلد مکمل کرکے اپ ٹریک کو بحال کردیا جائے گا۔
حادثے کے باعث سکھر ایکسپریس کو کوٹ لالو اور خیبر میل کو پڈعیدن ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔