مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
کورونا کیسز سامنے آنے کی وجہ سے بند کیا جانے والا قونصل خانہ 26 جنوری سے کھول دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا کے عملے میں کورونا کیسز سامنے آنے پر قونصل خانے کو عوام الناس کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
قونصل خانے کے اعلان کے مطابق آج سے ہیلپ ڈیسک کام کرے گا جبکہ بدھ سے باقی ماندہ کام شروع کر دیے جائیں گے جن میں پاسپورٹس کی تجدید اور نئے پاسپورٹ بنانے سمیت تمام سرکاری کاغذات کی تصدیق وغیرہ شامل ہے۔
یاد رہے کہ قونصل خانےمیں عملے کے دو افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی تو باقی تمام عملے کا کورونا ٹیسٹ کروایا گیا جس سے پتہ چلا کہ عملے کے دیگر افراد میں بھی کورونا پازٹیو ہے۔
قونصلیٹ آفس بند ہونے سے پہلے وہاں کام کے سلسلے میں جانے والے پاکستانیوں نے بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کروانا شروع کر دیا ہے جس میں سے کچھ رزلٹ پازٹیو جبکہ کافی تعداد کا رزلٹ نیگٹو آیا ہے۔
موجودہ صورت حال میں قونصل خانہ میں کام کے لیے آنے والے تمام افراد کو اب کورونا ایس او پیز کا بہت زیادہ خیال رکھنا ہوگا۔
واضح رہے کہ جب کورونا کا آغاز ہوا اور یہ بیماری عروج پر تھی تو اسپین میں ہر ادارہ بند تھا تب قونصل خانہ بارسلونا کھلا رہا اور اپنے تمام کام سرانجام دیتا رہا اور اس ادارے سے ضرورت مند پاکستانی کمیونٹی کو اشیائے خوردونوش بھی تقسیم ہوتی رہی تھی۔
قونصل خانہ بارسلونا میں کورونا کیسز کی بہتات اور کیسز پازٹیو آنے کی وجہ سے اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔