مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
مسلم لیگ قائداعظم (ق) کے سربراہ و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران خان کو ’منجی تلے ڈانگ پھیرنے کا مشورہ‘ دے دیا۔
چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم دیکھیں ان کے مشیر کس کا گیم کھیل رہے ہیں؟ مشیر وہ باتیں اچھالتے ہیں جس کا نقصان صرف عمران کو ہوتا ہے۔ عمران خان سے یہ بیان کہ ’’اگر انہیں ہٹایا گیا تو پہلے سے زیادہ خطرناک ہوجائیں گے‘‘ کسی دشمن نما دوست نے دلوایا ہوگا۔
چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ہم کہیں کہ بیان درست کرلیں تو عمران کے ’’مشیر‘‘ کہتے ہیں نرم رویہ اختیار کرنے کی ضرورت نہیں۔ وزیراعظم مخلصوں کو دشمن سمجھنے کے بجائے ان کے مشورے سنیں۔
چودھری شجاعت حسین کا مزید کہنا تھا کہ مشیروں کو اصل بات پتا ہوتی ہے لیکن وہ موقع کی تلاش میں رہتے ہیں، مشیر عمران خان کو اپنے مطلب کے مطابق گائیڈ کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ اتوار کو ’’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘‘ میں براہ راست عوام کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ اگر میں حکومت سے باہر نکل گیا تو زیادہ خطرناک ہوں گا‘ ابھی تک تو میں چپ ہوں اور تماشے دیکھ رہا ہوں، اگر سڑکوں پر نکل آیا تو آپ کیلئے چھپنے کی جگہ نہیں ہوگی۔