مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
کراچی کے مختلف علاقوں سے 3 ڈاکو گرفتار، فائرنگ سے 1شخص جاں بحق، 1 زخمی ، 1انسانی ڈھانچا برآمد اور نیشنل اسٹیڈیم سمیت 2 مقامات پر آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق سخی حسن چورنگی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں 3ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان فلپ مسیح، سونو مسیح اور کامران کے قبضے سے اسلحہ موٹر سائیکل اور موبائل فون ملے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سرجانی ٹاؤن روزی گوٹھ میں پلاٹ کے تنازعہ پر دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں مجاہد آفریدی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا، مقتول کا 1700گز کے پلاٹ پر دوسرے گروپ سے جھگڑا چل رہا تھا۔
دوسری جانب سرجانی ٹاؤن میں عرب گڈو گوٹھ میں نالے سے انسانی ڈھانچا ملا ہے، انسانی باقیات کو ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن کی ایم پی آر کالونی میں دو گروپوں کے درمیان معمولی بات پر جھگڑا ہوا جس کے دوران فائرنگ سے 28 سالہ حمید اللّٰہ شدید زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
فائربریگیڈ کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں کام کے دوران آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ کی ایک فائرٹینڈر نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھادی، آگ کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن نمبر 10 میں دکان میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے، آگ کی شدت دیکھتے ہوئے 2 فائرٹینڈر روانہ کئے گئے جن کی مدد سے آگ کو دوسری دکانوں کی طرف بڑھنے سے روکتے ہوئے بجھادیا گیا۔
جنرل اسٹورمیں موجود سامان مکمل طور پر جل گیا لیکن آس پاس کی دیگر دکانیں محفوظ رہیں، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔