ابوظبی (خصوصی رپورٹ)
ابوظبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک ) نے 17 جنوری کو مصفحہ میں کمپنی کے احاطے پر حوثیوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی ڈرائیور کے اہلخانہ کے لیے تعلیمی اور مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضل محمود نے ابوظبی میں پاکستانی سفارت خانے میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ادنوک نے متوفی کے خاندان کی مدد کا بیڑا اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی خاندان کے افراد کے لیے نوکریوں کا بندوبست کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے اور متوفی کے بچوں کو تعلیمی مدد بھی فراہم کی جائے گی۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ اس دن ہم اس پاکستانی بارے تفصیلات جاننے کے لیے بے چین تھے جو حملے میں جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ابوظبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک ) کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر نے مجھے ذاتی طور پر فون کیا اور واقعے بارے آگاہ کیا۔ سفیر نے بتایا کہ جب میں ہسپتال پہنچا تو مجھے معلوم ہوا کہ ڈاکٹر الجابر پہلے ہی زخمیوں سے مل چکے ہیں اور ان سے بات کرچکے ہیں۔ پاکستانی سفیر نے بتایا کہ معمور خان اس حملے میں جاں بحق ہونے والے تین افراد میں سے ایک تھا۔
حملے میں دو پاکستانیوں سمیت چھ دیگر افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ پاکستانی شہری کی میت کو فوری طور پر وطن پہنچادیا گیا۔ سفیر نے کہاکہ وہ ادنوک کے اس جذبے کو سراہتے ہیں کہ وہ اپنی ٹیم کے ایک ممبر کی قدر کرتے ہیں جس نے ان کے لیے برسوں کام کیا ۔ انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کاشکریہ ادا کیا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ ابوظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر صاحب السمو شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے خود وزیراعظم پاکستان عمران خان سے فون پر تعزیت کا اظہار کیا۔
اس کے بعد خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو فون کرکے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر نے بھی پاکستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا اور حکومت پاکستان کو ہرمکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو 2020 میں پاکستان پویلین میں عبداللہ بن زید آل نھیان نے ذاتی طور پر ان سے تعزیت کی۔ سفیر نے ہمدردی کے لیے وزیر مملکت احمد علی الصیغ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کی ہر قسم کی مذمت کی ہے۔ بدقسمتی سے ہم خود دہشتگردی کا شکار رہے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ اس کا کیا مطلب ہے۔