Reg: 12841587     

سعودی عرب اورعمان میں پاکستانی سفیر تبدیل

ریاض (خصوصی رپورٹ)

پاکستان نے سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھنے والے سفیروں کی تقرریاں عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے اور پہلے مرحلے میں سعودی عرب اور عمان میں سفیروں کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی سفیر لیفٹینینٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر، جنہیں گذشتہ سال ہی تعینات کیا گیا تھا، کو عہدہ چھوڑنے اور سعودی عرب کے لیے نئے سفیر امیر خرم راٹھور کو اگلے ہفتے سعودی عرب پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ خرم راٹھور اس سے قبل کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر تعینات کیے گئے تھے لیکن ذمہ داریاں سنبھالنے کے فوری بعد انہیں سعودی عرب میں سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے واپس بلا لیا گیا تھا۔ وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب میں انہیں کینیڈا سے سعودی عرب بلا کر نئی ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔

خرم راٹھور اس سے قبل جرمنی میں پاکستانی سفارت خانے میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن بھی رہ چکے ہیں۔ کمیونٹی مسائل میں ذاتی دلچسپی لینے کی وجہ سے ان کو بیرون ملک مقیم پاکستانی بہت پسند کرتے ہیں اور ان کی اسی خوبی کی بنیاد پر سعودی عرب میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب عمان ایسا ملک ہے جہاں پاکستانی ورکرزکی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ وہاں پر بھی کمیونٹی کو مسائل کا سامنا تھا جس کے بعد پاکستان کی حکومت نے بارسلونا میں تعینات قونصل جنرل عمران چوہدری کو عمان میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا ہے۔ عمران چوہدری نے گذشتہ ہفتے عمان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ سپین میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے مطابق عمران چوہدری نے بطور قونصل جنرل اپنے فرائض مثالی طریقے سے ادا کیے۔ انہوں نے اپنا موبائل نمبر اور واٹس ایپ نمبر پاکستانی کمیونٹی کے ہر فرد کو دے رکھا تھا۔

اگر وہ کسی مصروفیت کی وجہ سے فون نہیں اٹھاتے تھے تو فون کرنے والے کو یہ میسیج موصول ہوتا تھا کہ اگر کسی ایمرجنسی کی وجہ سے کال کر رہے ہیں تو اس کی نوعیت میسیج کردیں۔ ان کا رویہ ان کی وجہ شہرت بھی ہے۔ وہ کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہیں اور اس میں جتے رہتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں بھی چند ماہ قبل ہی سفیر کا تبادلہ کیا گیا تھا انہیں بھی تبدیل کئے جانے کا امکان ہے جبکہ جدہ میں قونصل جنرل کے جلد تبادلے کا بھی امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Previous Post

امارات میں سنیما گھروں کو مکمل گنجائش کی اجازت، سیاحت، تفریحی سہولیات، شاپنگ مالز اور پبلک ٹرانسپورٹ پر سے پابندیوں کا خاتمہ

Next Post

دبئی میں اپنی بوتل لائیں اور پینے کا مفت پانی بھریں۔ 34 مقامات پر پانی کے اسٹیشن قائم

Related Posts
Total
0
Share