لاہور: پشاور زلمی کے وکٹ کیپر اور نوجوان بلے باز محمد حارث نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں کم ترین گیندوں پر نصف سنچری اسکور کرنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا 24واں میچ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا، جس میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز حضرت اللہ زازئی اور محمد حارث نے کیا، اس دوران دونوں بلے بازوں نے شاندار اننگز کھیلی جبکہ محمد حارث نے یونائیٹڈ کے بولرز پر لاٹھی چارج جاری رکھا۔
محمد حارث نے اسلام آباد کے خلاف 18 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر پی ایس ایل کی تیز ترین نصف سنچری اسکور کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
محمد حارث نے یونائیٹڈ کے بولرز کا پُراعتماد انداز سے سامنا کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں جانب اسٹروک کھیلے۔