دبئی (بیورو رپورٹ)
متحدہ عرب امارات نے کرونا ایس او پیز میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ کی شرط ختم کردی ہے۔ سرکاری خبررساں ادارے وام کے مطابق ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے قومی ادارے نے ملک کے متعلقہ اہم اداروں کے ساتھ تعاون سے اعلان کیا ہے کہ یکم مارچ سے کورونا ایس او پیز میں نرمی شروع کی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ ’بند مقامات پر ماسک کے استعمال کو لازمی اور کھلے مقامات پر اختیاری کردیا گیا ہے۔
کورونا کے متاثرین سے ملنے والوں کے لیے گھر پر قرنطینہ کی پابندی ختم کی جا رہی ہے، البتہ سرکاری ملازمین کے لیے یہ بات ضروری ہو گی کہ وہ کرونا کے مریض سے ملنے کی صورت میں پانچ دن کے اندر دو مرتبہ پی سی آر ٹیسٹ کرائیں۔ دونوں کے درمیان 48 گھنٹے کا وقفہ رکھنا ہوگا۔
قومی ادارے نے بیان میں کہا کہ متاثرین کے حوالے سے گھر پر قرنطینہ جاری رہے گا۔ اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ تاہم متاثرہ افراد اب کلائی پر پٹیاں نہیں پہنیں گے۔
امارات بھر میں کرونا وبا سے قبل اذان اور تکبیر کے درمیان جتنا وقت دیا جاتا تھا اب اسے بحال کردیا گیا ہے۔ مساجد میں قرآن کریم کے نسخے بھی خاص تعداد میں دوبارہ رکھ دیئے جائیں گے البتہ ہر نماز کے بعد قرآن پاک کے نسخوں کو سینیٹائز کیا جائے گا۔ مساجد میں نمازیوں کے درمیان ایک میڑ کا سماجی فاصلہ برقرار رہے گا۔
بیان کے مطابق بیرون ملک سے امارات آنے والوں کے لئے کرونا ویکسین سرٹیفکیٹ کی پابندی برقرار رہے گی اور ان سے کیو آر کوڈ کے ساتھ مصدقہ ویکسینیشن سرٹیفیکٹ طلب کیا جائے گا۔ صرف ان افراد کو پی سی آر ٹیٹس کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی جنہوں ویکسین کی خوراکیں نہ لی ہوں ۔
امارات میں سیاحتی اور کاروباری اداروں میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم کی جا رہی ہے البتہ بند مقامات پر حفاظتی ماسک استعمال کرنے ہوں گے ہرعمر کے لوگوں کے لیے سپورٹس سرگرمیاں بھی بحال کی جا رہی ہیں، شائقین پر گرین پاس یا پی سی آر کی رپورٹ طلب کی جاتی رہے گی۔