مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
کراچی کے بلوچ کالونی تھانے کی حدود اختر کالونی میں فرنیچر گودام میں تاجر کے قتل میں ملوث ملزمان کی علاقے میں کافی دیر تک ریکی کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج موصول ہوگئی ہے۔
ویڈیو سے پولیس کو اندازہ ہے کہ ان ملزمان نے تاجر زاہد کو انتہائی منصوبہ بندی سے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا۔
دن دہاڑے کی گئی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج جیو نیوز کو موصول ہوئی ہے جبکہ ماہر ٹارگٹ کلر کی جانب سے فائرنگ کیلئے سائیلنسر لگے ہتھیار کے استعمال کیے جانے کا شبہ ہے۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں 2 مسلح موٹرسائیکل سواروں کو اختر کالونی کی گلیوں میں گھومتے دیکھا گیا جبکہ ملزمان نے علاقے کی مکمل ریکی کے بعد فرنیچر کے گودام میں گھس کر تاجر کو نشانہ بنایا۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے مسلسل ہیلمٹ پہنے اور چہرے پر ماسک لگائے ہوئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ شعبہ تفتیش پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے پستول کے چارخول ملے تاہم پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔