مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے ایک تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین پر حملے کے بعد روس میں کسی شخص کو صدر ولادیمیر پیوٹن کو قتل کر دینا چاہیے تھا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران سینئر امریکی سینیٹر لنزے گراہم کا کہنا تھا کہ ولادیمیر کس طرح ختم ہو گا؟ روس میں اس اقدام کے لیے کسی شخص کو باہر نکلنا ہو گا۔
بعد ازاں اپنے ٹوئٹ میں بھی لنزے گراہم نے اس بات پر زور دیا کہ صرف روس کے لوگ ہی اس مسئلے کو حل کر سکتے ہیں۔
سینیٹر لنزے گراہم نے روم کے حکمران جولیس سیزر کو قتل کرنے والے ایک رومی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کیا روس میں کوئی بروٹس ہے؟
سابق امریکی صدارتی امیدوار نے یہ بھی کہا کہ کیا روسی فوج میں جرمنی کے کرنل کلاز اسٹافن برگ جیسے کامیاب جنرل بھی موجود نہیں ہیں جنہوں نے 1944 میں ہٹلر کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔