مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کا بحیثیت کپتان بڑا روشن مستقبل ہے اور ان میں لیڈر شپ کی بڑی خوبیاں ہیں۔
ڈھاکا پریمیئر لیگ کھیلنے کے لیے ان دنوں بنگلا دیش میں موجود کرکٹر محمد حفیظ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شاہین آفریدی انٹر نیشنل کرکٹ کے ایمرجنگ اسٹار ہیں ، انہوں نے پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے کپتان کی حیثیت سے بہت اچھی چیزیں کیں۔
حفیظ نے کہا کہ لاہور قلندرز کو چیمپئن بنا کر انہوں نے اپنے کپتانی کے کیرئیر کی شروعات اچھی کی ہے۔
محمد حفیظ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس کے حوالے سے بہت فکر مند ہیں اور ان کا کہنا ہےکہ میں سمجھتا ہوں شاہین آفریدی کو اپنی فٹنس کا بہت خیال رکھنا ہے، انہیں اپنے ورک لوڈ کے بارے میں بھی سوچنا ہے، انہیں ہر میچ اور خاص طور پر ہر لیگ کھیلنے کی ضرورت نہیں ہے۔
حفیظ کا کہنا تھا کہ میں اپنے مستقبل اور کوچنگ کے حوالے سے اس وقت نہیں سوچ رہا، ایک طریقہ کار کے تحت آگے بڑھنے کا قائل ہوں،کوچنگ کے حوالے سے ضرور سوچوں گا لیکن اس وقت میں کرکٹ کو انجوائے کر رہا ہوں۔