مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
پنجاب کی تحصیل قصور کے شہر پتوکی میں باراتیوں کے مبینہ تشدد سے پاپڑ فروش کے جاں بحق ہونے کے معاملے پر انتظامیہ نے ایکشن لے لیا۔
گزشتہ روز پتوکی میں باراتیوں کے مبینہ تشدد سے پاپڑ بیچنے والا محنت کش دم توڑگیا تھا، واقعے کے بعد بے حسی کی انتہا اس وقت دیکھنے میں آئی جب سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں باراتی لاش سامنے رکھی ہونے کے باوجود کھانے میں مصروف دکھائی دیے تھے۔
پولیس نے شادی ہال کے منیجر سمیت 12 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے معاملے کا نوٹس لیا تھا جس کے بعد پتوکی انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے شادی ہال کو سیل کر دیا ہے۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر پتوکی نے مقتول کے گھر جاکر اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا اور فاتحہ خوانی بھی کی ، اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے متاثرہ فیملی کو انصاف کی یقین دہانی کراتے ہوئے مالی امداد کا وعدہ کیا گیا۔