مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی بنی گالہ میں رہائش گاہ کے باہر خیبر پختونخوا کے اساتذہ کا احتجاج ختم ہو گیا۔
اساتذہ کے ان کی نوکری کے آغاز کی تاریخ سے مستقل کرنے اور پنشن قانون لاگو کرنے کے مطالبات منظور کر لیے گئے۔ وفد منگل کو پشاور میں وزیراعلیٰ محمود خان سے ملاقات کرے گا۔
اسلام آباد میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر دو روز سے جاری خیبرپختونخوا کے اساتذہ کا احتجاج مذاکرات کے بعد ختم ہو گیا۔
اساتذہ اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات تحریک انصاف کے رہنماؤں علی محمد خان اور مراد سعید کی محنت سے کامیاب ہو گئے۔
مراد سعید نے کہا منگل کو اساتذہ کا وفد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے ملاقات کرے گا اور جون میں ہی ان کے مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو ان کی نوکری کا حصہ بننے کی تاریخ سے مستقل کیے جانے، پنشن کا 2022 کا قانون لاگو کرنے اور رہنماؤں کے خلاف انکوائری اور مقدمات ختم کرنے کے مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں۔