مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
جرمنی کے نازی حکمران اڈولف ہٹلر کے زیر استعمال گھڑی 11 لاکھ ڈالر میں فروخت کر دی گئی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نازیوں کے نشان (سواستیکا) والی گھڑی کو امریکا کی ریاست میری لینڈ کے ’الیگزینڈر ہسٹروریکل آکشنز‘ میں ہونے والی ایک نیلامی میں ایک نامعلوم شخص نے 11 لاکھ ڈالر میں خریدا۔
جرمن میڈیا کے مطابق ہٹلر کی گھڑی کی نیلامی کے حوالے سے 20 لاکھ سے 40 لاکھ ڈالر کا اندازہ لگایا گیا تھا تاہم گھڑی صرف 11 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی۔
اس گھڑی کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ گھڑی 1933 میں جرمنی کا چانسلر بننے کے بعد اڈولف ہٹلر کو ان کی سالگرہ کے تحفے کے طور پر دی گئی تھی۔
نیلام گھر میں گھڑی سے متعلق رکھی گئی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ جب 1945 میں فرانس کے 30 فوجیوں نے ہٹلر کی رہائشگاہ پر حملہ کیا تو وہ یہ گھڑی ایک نشانی کے طور پر ساتھ لے گئے جس کے بعد اس گھڑی سے متعلق قیاس کیا جاتا ہے کہ اسے متعدد بار نیلام کیا گیا اور یہ کئی نسلوں سے ہوتی ہوئی یہاں پہنچی۔