مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الزام لگایا ہےکہ مشرق وسطیٰ کے ایک ملک نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو تباہ کرنے کے لیے عمران خان کو اسپانسر کیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے گوادر بندرگاہ کا بیڑا غرق کردیا، ملکی معیشت کو تباہ اوربرباد کردیا، امریکا اور آئی ایم ایف کے اثر سے نکلنے کے لیے پہلا قدم سی پیک تھا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان سے حکومت نہ لی جاتی تو آج پاکستان ٹکڑے ٹکڑے ہو جاتا، حکومت کے مدت پوری کرنےکے فیصلے میں نواز شریف شامل تھے، اختلاف کے جس دلدل میں عمران خان نے پھنسایا، اس سے نکلنا آسان نہیں ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ منگل اور بدھ کو حکمران اتحاد کا اجلاس ہوگا، جس میں معاشی استحکام کے فیصلے ہوں گے، اسٹیبشلمنٹ، بیوروکریٹس اور دیگر کو ملک کی بہتری کے لیے سوچنا ہوگا، جو طاقت ور ہے وہ عقل سے عاری ہے اور جو عقل مند ہے وہ طاقت سے عاری ہے، پی ٹی آئی کو ووٹ دینا ملک کوتباہ کرنےکے برابر ہے۔