مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
تھائی لینڈ میں ہونے والے ایشین باکسنگ فیڈریشن کے پروفیشنل مقابلوں میں پاکستانی باکسرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 ٹائٹل اپنے نام کرلیے۔
پاکستانی باکسر تیمور خان نے ایشین باکسنگ فیڈریشن کا ہیوی ویٹ ٹائٹل جیت لیا، تیمور خان نے بھارتی باکسر ویدانت اگروال کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ہیوی ویٹ ٹائٹل کے لیے پاکستان کے تیمور خان اور بھارتی باکسر رنگ میں اترے تو تیمور خان نے بھارتی باکسر پر مکوں کی برسات کردی اور وہ چند راؤنڈز کے بعد ٹیکنیکل ناک آؤٹ ہوگئے ۔
ایشین باکسنگ فیڈریشن کے مڈل ویٹ ٹائٹل کا مقابلہ بھی پاکستان کے شہیر آفریدی اور بھارتی باکسر اسرار عثمانی کے درمیان ہوا۔
سندھ پولیس سے تعلق رکھنے والے شہیر آفریدی باکسنگ رنگ میں اترے تو چند منٹوں میں ہی بھارتی باکسر کو دھو ڈالا اور انہیں سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔
شہیر آفریدی نے پہلے ہی راؤنڈ میں بھارتی باکسر کو ناک آؤٹ کردیا ، یوں ایشین باکسنگ فیڈریشن کے مڈل ویٹ کا ٹائٹل بھی پاکستان کے نام رہا۔
کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والے نادر بلوچ نے تھائی باکسر کو شکست دے کر ایشین باکسنگ فیڈریشن کونٹینینٹل ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پاکستان پروفیشنل باکسنگ کونسل کے سیکرٹری کلیم آزاد کا کہنا ہےکہ پاکستانی باکسروں نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے، ان کا پاکستان واپسی پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔