مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا ہے کہ فارم آنی جانی چیز ہے، اس سے قبل بھی میں آؤٹ آف فارم ہوا ، میں نے دو برس قبل ڈومیسٹک میں پرفارم کیا اور ٹیم میں جگہ بنائی اب بھی میرا یہی گول ہے کہ ڈومیسٹک میں اچھا پرفارم کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اپنی فارم بحال کر کے ٹیم میں آنا ہے، میں نے اپنی زندگی سے لطف اندوز ہونا ہے اور میں ہوتا رہوں گا۔
پی سی بی آفیشل کیلئے گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر حسن علی نے کہا کہ فارم واپس آنے کیلئے ایک دو اچھے میچز درکار ہوتے ہیں اور اگر آپ اس میں اچھا کر لیتے ہیں تو پھر آپ کا اعتماد بحال ہوجاتا ہے، میں ایک دو میچز کا انتظار کر رہا ہوں پھر فارم بحال ہو جائے گی۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ میں خود مایوس ہوں کہ میری پرفارمنس اس طرح نہیں ہے کہ جس طرح ہونی چاہیے، میں اپنی ٹیم کی توقعات پر پورا نہیں اترا ہوں یا جس طرح مجھے لوگ دیکھنا چاہتے ہیں اس طرح نہیں کھیل سکا ہوں لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے۔ کیریئر میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے۔
حسن علی نے کہا کہ میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کر رہا ہوں، کوچز کے ساتھ بیٹھ کر میں نے اپنی پرانی ویڈیوز دیکھی ہیں تاکہ جہاں میں اچھا نہیں کر سکا یا جو خامیاں ہیں ان پر کام کروں اور انہیں دور کروں۔ میں جسمانی اور ذہنی طور پر کام کر رہا ہوں تاکہ کہیں کوئی کمزوری نہ رہ جائے اور سب چیزوں کو درست کر کے ٹیم میں واپس آؤں۔
حسن علی نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ شروع ہو رہی ہے۔ پہلے بھی ڈومیسٹک کرکٹ سے واپسی ہو ئی ہے اب بھی یہ گول ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی فارم کو بحال کروں۔ ڈومیسٹک کرکٹ کی پرفارمنس بہت اہمیت رکھتی ہے۔ میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں عمدہ پرفارم کروں گا تاکہ سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کر سکوں۔
حسن علی کا ماننا ہے کہ انجریز فاسٹ بولرز کو بہت نقصان پہنچاتی ہیں، فاسٹ بولنگ آسان کام نہیں ہے، انجریز فاسٹ بولرز کو گرا دیتی ہیں، دنیا بھر میں فاسٹ بولرز کو چھوٹی موٹی انجریز کا سامنا رہتا ہے اور وہ ری ہیب مکمل کر کے واپس آتے ہیں، مجھے بھی انجریز رہی ہیں میں نے فائٹ بیک کیا ہے میری یہ فطرت میں ہے کہ میں نے کبھی ہمت نہیں ہاری میں ایک فائٹر ہوں مجھے سخت محنت کرنا آتی ہے اور میں محنت کر رہا ہوں۔
حسن علی کا کہنا ہے کہ میں جذباتی انسان ہوں لیکن میری کوشش ہوتی ہے کہ میں ہر چیز کو انجوائے کروں، چہرے پر مسکراہٹ سجائے رکھوں اور چھوٹی موٹی شرارتیں کرتا رہوں تاکہ لوگ خوش ہوتے رہیں۔