مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
ملک میں بجلی 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے نیپرا کو دی گئی درخواست میں جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا کہا گیا ہے۔
سی پی پی اے کے مطابق جولائی میں پانی سے 35.17 فیصد اور کوئلے سے 12.74 فیصد بجلی پیدا ہوئی، ڈیزل سے 1.46 فیصد اور فرنس آئل سے 6.42 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ڈیزل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت27 روپے 88 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ فرنس آئل سے 35 روپے 69 پیسے فی یونٹ کے حساب سے بجلی پیدا کی گئی۔
سی پی پی اے کے مطابق مقامی گیس سے 10.36 اور درآمدی ایل این جی سے 14.98 فیصد بجلی پیدا کی گئی، ایل این جی سے پیدا بجلی کی لاگت 28 روپے 28 پیسے فی یونٹ رہی۔ اس کے علاوہ جوہری ایندھن سے 14.20 فیصد بجلی پیدا کی گئی جس کی پیداواری لاگت ایک روپے فی یونٹ رہی۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ جولائی میں کل 13 ارب 76 کروڑ یونٹس بجلی فروخت ہوئی، جولائی کے لیے پیداواری لاگت 6 روپے 28 پیسے فی یونٹ مقرر تھی تاہم بجلی کی پیداواری لاگت 10 روپے 98 پیسے فی یونٹ رہی۔
نیپرا 31 اگست کو سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت کرے گی اور بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر75 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑ سکتا ہے۔