مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں کی حامل ایک ذمہ دار جوہری طاقت ہے جس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں جی ایچ کیو میں 252ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا اور فورم کے شرکا پاکستان کے مضبوط جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام، اسٹریٹجک اثاثوں کی سلامتی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
کورکمانڈر شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں کی حامل ایک ذمہ دار جوہری طاقت ہے،پاکستان نے اپنے جوہری سلامتی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں،پاکستان کے جوہری سلامتی کے معیارات بین الاقوامی بہترین طریقہ کار پر مبنی ہیں۔
آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں، سیلاب میں ریلیف سرگرمیوں میں کردار کو سراہاشرکاء نے موجودہ داخلی، بیرونی سلامتی کی صورتحال، فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا،فورم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں بالخصوص سندھ اور بلوچستان کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا،شرکاء کو سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف اور بحالی کی کاوشوں میں سول انتظامیہ کو فوج کی مدد سے بھی آگاہ کیا گیا۔