مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
راولپنڈی: عدالت نے متروکہ وقف املاک کو لال حویلی سے متعلق کوئی بھی کارروائی نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
راولپنڈی کی مقامی عدالت نے محکمہ متروکہ وقف املاک کی لال حویلی سے متعلق درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے متروکہ وقف املاک کے بے دخلی کے نوٹس پر عملدرآمد 2 ہفتے کے لیے روک دیا۔
متروکہ وقف املاک کی بے دخلی کے نوٹس کے خلاف شیخ رشید کی درخواست منظور کر لی گئی اور عدالت نے متروکہ وقف املاک کو لال حویلی سے متعلق کوئی بھی کارروائی نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ 12 اکتوبر کو محکمے کی جانب سے جاری بے دخلی نوٹس کی تاریخ سے 15 روز اپیل کی مدت ہے اس لیے محکمہ 12 اکتوبر سے 15 دن کی مدت پوری ہونے تک کسی بھی قسم کی کارروائی نہ کرے۔
عدالت نے فریقین وکلا کے دلائل سماعت کے بعد آج صبح فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ محکمہ متروکہ وقف املاک نے 19 اکتوبر تک مذکورہ جائیداد سے بے دخلی کا نوٹس جاری کر رکھا تھا اور متروکہ وقف املاک نے ایک روز قبل اس املاک پر قبضہ کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے فیصلہ سنایا تھا۔