دبئی(بیورورپوٹ)
یواے ای کی کرکٹ لیگ آئی ایل ٹی 20 کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر رواداری اور ہم آہنگی اور امارات کرکٹ بورڈ کے چیئرمین عزت مآب شیخ نھیان بن مبارک آل نھیان نے ٹرافی کی نقاب کشائی کی۔ تقریب میں جے مہتا (ابوظبی نائٹ رائیڈرز)، پال ووئٹ (ڈیزرٹ وائپرز)، کرن گراندھی (دبئی کیپٹلز)، پرانوو اڈانی (گلف جائنٹس)، نکھیل میسوانی (ایم آئی امارات)، راجیش شرما (شارجہ واریئرز) کے علاوہ کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں ڈوین براوو، وسیم اکرم، سائمن ڈول، رابن اتھپا، اور بریٹ لی نے شرکت کی۔
چاندنی سے بنی اس ٹرافی میں متحدہ عرب امارات کے بھرپور ورثہ اور ثقافت کی عکاسی کی گئی ہے۔ امارات کے قومی پرندے صقر کے آنسو کو ٹرافی کی شکل دی گئی ہے۔ اس پرایک 7 نکات کا تاج سجایا گیا ہے جو یواے ای کی 7 ریاستوں کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کی تاج کی شکل الظفرہ میں واقع تل موریب کے ریت کے ٹیلوں کی ہے جسے دنیا کے سب سے طویل ریت کے ٹیلے تصور کیا جاتا ہے۔ ٹرافی کی اونچائی 830 ملی میٹر ہے جو ملک کی سب سے بڑی عمارت برج خلیفہ کی 830 میٹر بلندی کی علامت ہے۔
امارات کرکٹ بورڈ کے جنرل سیکریٹری مبشر عثمانی نے کہا کہ آئی ایل ٹی 20 ٹرافی نے اپنے سفر کا آغاز کردیا ہے یہ اہم سنگ میل ہے۔