مصباح لطیف(اے-ای انڈرگرائونڈ نیوز)
پنجاب حکومت کے شاہی افسران کا شاہانہ انداز، تھل جیپ ریلی کا کوالیفائنگ راؤنڈ ختم ہونے کے 2 گھنٹے بعد کمشنر ڈیرہ غازی خان موقع پر پہنچے، صرف کوالیفائنگ راؤنڈ کے افتتاح کی تصویریں بنوانے کے لیے چھانگا مانگا ٹیلے پر بچی کچی گاڑیوں جمع کیا گیا اور ٹریک پر روانہ کرنے کا ڈرامہ کیا۔
کمشنر ڈیرہ غازی خان لیاقت علی چٹھہ گزشتہ روز تھل جیپ ریلی کا کوالیفائنگ راؤنڈ مکمل ہونے کے 2 گھنٹے بعد موقع پر پہنچے۔
کمشنر کی آمد سے قبل ہی ٹی ڈی سی پی، ضلعی انتظامیہ کا عملہ اور بیشتر شائقین واپس جا چکے تھے، تصویریں کھنچوانے کے لیے خالی پنڈال سے بچی کچی گاڑیوں کو جمع کرکے دوبارہ ٹریک پر روانہ کرنے کا ڈرامہ کیا گیا۔
کمشنر ڈیرہ غازی خان کو ویلکم کرنے کے لیے 150 کے قریب طلباء و طالبات کو چھانگا مانگا ٹیلے پر لاکر زبردستی بٹھائے رکھا گیا، کمشنر ڈیرہ غازی خان لیاقت علی چٹھہ تشریف لائے تو طلباء و طالبات سے کمشنر زندہ باد کے نعرہ لگوائے گئے۔
کمشنر کے ویلکم کے بعد طلباء کو مسافر بس کی بجائے جانوروں کے لوڈر ڈالے میں سوار کرکے واپس بھیجا گیا۔
محکمہ تعلیم کے افسران کا نام نہ لینے کی شرط پر کہنا تھا کہ وہ ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق اور اے ڈی سی آر کے حکم پر بچوں کو تھل جیپ میں لائے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کمشنر کے استقبال کے لیے ضلعی انتظامیہ نے زبردستی بچے لانے پر مجبور کیا۔