مصباح لطیف(اے-ای انڈرگرائونڈ نیوز)
اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری اور ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
سابق صدر آصف زرداری سے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے ملاقات کی، ملاقات میں کراچی کی سیاسی صورتحال اور آئندہ بلدیاتی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر امین الحق، صادق افتخار، ڈاکٹر عاصم اور سینٹر سلیم مانڈی والا بھی موجود تھے۔
اس موقع پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا قومی حکومت میں ہم سب کوساتھ لے کر چل رہے ہیں، یہی ہماری کامیابی ہے۔
ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا ایم کیو ایم حکومت میں اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور ایم کیو ایم وفد کی ملاقات میں سینیٹ میں ممکنہ عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی، ملاقات میں سینیٹ میں ممکنہ تحریک عدم اعتماد کی ٹائمنگ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے آصف زرداری کو ہر ممکن تعاون اور مل کر چلنے کی یقین دہانی کرائی۔