مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹے بعد آنے والی بجلی ایک مرتبہ پھر غائب ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بجلی بحالی کے بعد گلستان جوہر بلاک 8 میں ایک بار پھر لوڈ شیڈنگ ہوئی ہے، اس کے علاوہ کشمیرکالونی ، اختر کالونی سمیت، پی ای سی ایچ ایس اور گارڈن کے علاقوں میں بھی پھر بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
ادھر ملیر، ماڈل کالونی، رفاع عام، الفلاح سوسائٹی میں بجلی ایک بار پھر غائب ہوگئی ہے۔
کشمیرکالونی،اخترکالونی، یاسین آباد گلشن شمیم ،لانڈھی خرم آباد میں بجلی معطل ہے، لیاقت آباد سی ون ایریا میں 24 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی۔
شہر کے جن علاقوں میں بجلی معطل ہے ان میں نارتھ ناظم آباد،گلشن اقبال کے مختلف علاقوں سمیت فیڈرل بی ایریا کے چند بلاکس ،آئی آئی چندریگر روڈ،طارق روڈ،کھارادرسمیت اطراف کے علاقے شامل ہیں۔
دوسری جانب وزارت توانائی نے ملک بھر کے تمام گرڈ اسٹیشنوں پر بجلی بحال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
وزارت توانائی کے مطابق ملک بھرمیں این ٹی ڈی سی کے 1112 گرڈ اسٹیشنز پربجلی بحال کردی گئی ہے، بجلی کی موجودہ پیداوار 9 ہزار 704 میگاواٹ ہے۔