عارف چودھری راچڈیل
راچڈیل سے تعلق رکھنے والے بر طانیہ اور پاکستان کے مشہور شاعر کالم نگار رائٹر اور کئ کتابوں کے مصنف محمود اصغر چودھری کے سفر نامہ حجاز “یارب” کی لاہور میں تقریب رونمائی
لاہور سکول آف لاء میں اقتباس پوائنٹ کے تعاون سے محمود اصغر چودھری کی نئی کتاب “یارب” کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت معروف شاعر عباس تابش نے کی۔ نامور شاعر وصی شاہ نے بطورِ مہمانِ خصوصی اور سینئر صحافی حبیب اکرم نے بطورِ مہمانِ اعزاز شرکت کی۔ سابق بیوروکریٹ حسین شیرازی ، مزاح نگار گل نوخیز اختر، کالم نگار و مصنف یاسر پیرزادہ ، ڈائریکٹر لاہور سکول آف لاء اجمل شاہ دین اور محمد فہد (عکس پبلشرز) نے اظہار خیال کیا ۔جبکہ ڈاکٹر عاطفہ عثمانی نے فرائضِ نظامت بخوبی ادا کیے۔
یارب پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر عاطفہ عثمانی کا کہنا تھا کہ اس سفرنامے کا طرز تحریر نثری شاعر ی کا بہترین نمونہ ہے ۔ حسین شیرازی کا کہنا تھا کہ کتاب میں بیرون ملک موجود پاکستانی فیملیوں کے باہمی تعاون کا وہ نمونہ ملتا ہے جو اب پاکستان میں بھی ناپید ہوتا نظر آتا ہے ۔
معروف کالمنگار یاسر پیرزادہ کا کہنا تھا کہ یہ سفرنامہ اتنا دلچسپ ہے کہ یہ ایک ہی نشست میں ختم کرنے والی کتاب ثابت ہوگا۔ گل نوخیز اختر کا کہنا تھا کہ مصنف نے حجاز مقدس کے سفر نامے میں عقلیت پسندی کاعنصر شامل رکھ کر اس کو ایک نیا انداز دیا ہے ۔ حبیب اکرم کا کہنا تھا کہ حجاز مقدس کے سفر نامے اردو ادب میں ایک تاریخ رکھتے ہیں ۔حالیہ سفرنامے میں جدید دور کی ٹیکنالوجی کا تذکرہ اسے اس دور کی دستاویز بنائے گا ۔ مہمان خصوصی وصی شاہ نے پاکستان کے نامور اسکالر احمد جاوید کا تعریفی تبصرہ پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ اس سے آگے اس پر مزید کسی تبصرے کی ضرورت نہیں رہتی ۔ صدر محفل عباس تابش کا کہنا تھا کہ سفر حج کے روحانی پہلووں کے ساتھ ساتھ سفر میں پیش آنے والی مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے مصنف نے اسے ایک نئی جہت دی ہے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمود اصغر چودھری کا کہنا تھا کہ حج کا سفر ہر مسلمان کے لئے مقدس ترین سفر ہوتا ہے ۔ لیکن بدقسمتی سےپیشہ ور بزنس مین اس مبارک سفر میں بھی عوام سے دھوکا کرنے اور رقم لوٹنے سے باز نہیں آتے اس کتاب میں انہوں نے سفر حج کے روحانی و عشقی پہلوئوں کے ساتھ ساتھ سفر میں ہونے والے فراڈ و دیگر مشکلات کو بھی موضوع بنایا ہے تاکہ لوگ جوش میں ہوش کا دامن نہ چھوڑیں اور کسی دھوکے کا شکار نہ ہوں