مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں نیا موڑ آ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چند روز قبل ایک ہی خاندان کے 7 افراد کی لاشیں دریا سے ملی تھیں اور ابتدائی طور پر یہ خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ سب نے خودکشی کی ہے لیکن معاملے میں اس وقت نیا موڑ آ گیا جب گزشتہ روز پولیس نے انکشاف کیا کہ تمام افراد کو قتل کیا گیا۔
پونے پولیس حکام کے مطابق تمام افراد کو ان کے رشتے داروں نے قتل کیا اور اس معاملے میں قتل ہونے والے موہن پوار نامی شخص کے 5 کزنز کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق تمام افراد کے قتل کے پیچھے خاندانی رنجش معلوم ہوتی ہے، کچھ عرصہ قبل اشوک پوار کا بیٹا اغوا کے بعد قتل ہو گیا تھا جس کا ذمہ دار اس نے موہن پوار کے بیٹے کو ٹھہرایا تھا اور پھر اشوک اور اس کے دیگر رشتہ داروں نے مل کر موہن پوار اور اس کی فیملی کے قتل کا منصوبہ بنایا۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام گرفتار ملزمان کو عدالت میں بھی پیش کیا جائے گا۔