مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
چینی کمپنی نے اپنے ملازمین میں اربوں روپے کا بونس تقسیم کرکے سب کو حیران کر دیا۔
نوکری پیشہ انسان کو جب تنخوا کے ساتھ کمپنی بونس بھی دے تو اس کی خوشی کا کوئی ٹھکانا نہیں ہوتا،آپ نے کمپنیوں کی جانب سے ملازمین کو ایک اضافی تنخوا بونس کی صورت میں دیتے ہوئے تو سنا ہوگا لیکن آج ہم ایک ایسی کمپنی کے بارے میں بتارہے ہیں جس نے اپنے ملازمین پر بونس کی صورت میں پیسوں کی برسات کر دی۔
رپورٹس کے مطابق چین میں کرین بنانے والی ایک کمپنی(Henan Mine) نے سالانہ تقریب میں اپنے ملازمین کو اس وقت حیران کردیا جب اس نے 90لاکھ ڈالرز( 2 ارب سے زائد پاکستانی روپے) ملازمین میں بونس کی صورت میں تقسیم کردیے۔
کمپنی کی جانب سے 17 جنوری کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں کمپنی کے ملازمین کو اسٹیج پربنے ساڑھے 6 فٹ کے نوٹوں کے پہاڑ سے اپنے دونوں ہاتھوں میں نوٹوں کے بنڈل لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
چینی کرین بنانے والی کمپنی کے شعبہ تعلقات عامہ کے منیجر نے بتایا ہے کہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 3 سیلز منیجرز کو فی کس 5 ملین یوآن(20 کروڑ سے زائد پاکستانی رقم) بونس کی صورت میں دی گئی۔
اس کے علاوہ 30 سے زائد دیگر ملازمین کو فی کس کم از کم ایک ملین یوآن (4 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) بونس میں دیے گئے۔
کمپنی کی جانب سے ملازمین میں بونس بانٹے کے لیے نوٹوں کے بنڈل اسٹیج پر پہاڑ کی صورت میں رکھے گئے تھے۔
ایک کے بعد ایک ملازم آتا رہا اور اپنی جھولی میں نوٹوں کی گڈیاں بھر بھر کر لے جاتا رہا،کچھ نے تو پیسے اٹھانے میں مدد کےلیے اپنے ساتھیوں کو بھی بلا یا۔