(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بچانے کا واحد راستہ یہ ہے کہ اسے بنانے والوں کے حوالے کیا جائے۔
بہادرآباد کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 15 سال سے سندھ کے حکمرانوں کو لوٹ مار کا ٹاسک ملا ہوا تھا ، پچھلے ایک سال سے ہم نے ان کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نا مساعد حالات اورسلب شدہ حقوق کے حصول کی جدوجہد کے لیےتیار رہنا چاہیے۔
اجلاس میں موجود سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی ہی نہیں پورا سندھ اور یہ پورا پاکستان ہمارے باپ دادا کا ہے ، گزشتہ چار ماہ سے ہونے والی مردم شماری ہماری جدوجہد کی مثال ہے ۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ لوگوں کے ووٹوں کا اندراج ان کے انتخابی حلقوں میں کروانے کا کام تیز کریں، جس صوبے میں ہم رہتے ہیں اس کا حکمران ہماری کامیابیوں سے پریشان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 13 ہزار ارب خرچ ہوگئے لیکن تباہی و بربادی آج بھی کراچی، کشمور اور لاڑکانہ کا مقدر ہے۔