(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
بہاولنگر میں دریائے ستلج میں نچلے درجے کے سیلاب کے باعث دریائی بیلٹ پر موجود چھوٹی آبادیاں زیر آب آگئی ہیں جب کہ فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
چشتیاں میں بستی میہ کے مقام پر حفاظتی بندمیں 300 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا، متعدد بستیوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا اور کئی فصلیں زیر آب آگئیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلعی انتظامیہ ریسکیو ٹیموں کے ساتھ آرمی بھی سیلابی علاقوں میں مصروف عمل ہے۔
بہاولپور میں دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں تیزی آگئی ہے،مختلف علاقوں میں دریا کے پانی میں اضافہ ہوا ہے، ایمپریس برج کے قریب دریا میں پانی کا بہاؤ 10 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا۔
یونین کونسل منگوانی کا بہاول پور سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا، یونین کونسل منگوانی کے لیے دریائے ستلج میں کشتی سروس شروع کی گئی ہے۔
ادھر چیچہ وطنی میں دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم بورے والا کی تحصیل ساہوکا میں تین مقامات پر بند ٹوٹ گئے، مہرو بلوچ میں کئی بستیاں اور فصلیں زیر آب آگئیں، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور آرمی کے دستوں کی متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔