(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے 13 میں سے 12 ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دی تاہم کابینہ نے قومی بھنگ پالیسی کی منظوری مؤخر کردی جسے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے بورڈ آف انویسٹمنٹ آرڈیننس میں ترامیم، ای تحفظ بل 2023 اور پرسنل پروٹیکشن بل کی اصولی منظوری دے دی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وفاقی کابینہ نے ای سی ایل میں مختلف شخصیات کے نام ڈالنے اور نکالنے کی منظوری دے دی جب کہ احتساب عدالتوں کی تنظیم نو کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے 24 جولائی کے فیصلوں کی توثیق کردی اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 10 جولائی کےفیصلوں کی بھی توثیق کی، اس کے علاوہ کابینہ کمیٹیز قانون سازی، انٹرگورنمنٹل کمرشل ٹرانزکشنز کے فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے۔
کابینہ نے اسلام آباد نیچرکنزرویشن اینڈ وائلڈ لائف مینجمنٹ ایکٹ کی منظوری دے دی جب کہ اسلام آباد ہیلتھ کیئراتھارٹی کی سلیکشن کمیٹی کے ممبر کی تعیناتی اور ایس این جی پی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل کی منظوری بھی دی گئی ہے۔