(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ کے درمیان نگران وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے لیے ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی، نگران وزیراعلیٰ کے امیدواروں کے ناموں کا تبادلہ نہ ہوسکا، فیصلے کا آج آخری روز ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان ایڈوکیٹ نے بلوچستان اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگران وزیر اعلیٰ کے نام پر مشاورت کے حوالے سے پیر کی شب اسلام آباد میں ملاقات کی ۔
ملاقات میں چیئرمین سینیٹ محمد صادرق سنجرانی سمیت بلوچستان عوامی پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈوکیٹ اپوزیشن کے سابق ایم این اے انجینیئر میر عثمان بادینی کے نام کی تجویز لے کر ملاقات میں گئے تھے تاہم حکومت کی جانب نگران وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے دونوں جانب سے ناموں کا تبادلہ اور مزید مشاورت نہ کی جا سکی جس کے بعد ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی ۔
اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ نے جیو نیوز کو بتایا کہ منگل کی صبح وزیر اعلیٰ سے دوبارہ ملاقات متوقع ہے ،امید ہے کہ آج صبح ہونے والی ملاقات میں کوئی نام فائنل ہوجائے گا۔
دوسری جانب بی اے پی کے رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس پیر کی رات گئے تک جاری رہا ۔