(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈکپ میں بیٹنگ فرینڈلی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔
بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ کا میلہ 5 اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے اور ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ورلڈکپ میں وکٹوں کی تیاری کیلئے آئی سی سی کی جانب سے کیوریٹرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
آئی سی سی کے چیف کیوریٹر اینڈی ایٹکنسن کا بھارتی کیوریٹرز کے ساتھ سیشن بھی ہوا ہے جس میں آئی سی سی چیف کیوریٹر کی جانب سے ورلڈ کپ میچز کیلئے وکٹیں بیٹنگ فرینڈلی رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
آئی سی سی چیف کیوریٹر کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی بھی میچ میں وکٹ کی تیاری کے لیے ہوم ٹیم کا دباؤ نہ لیں، وکٹیں بیٹنگ کے حق میں 40-60 رکھی جائیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ بارش کی صورت میں پورے گراؤنڈ کو کوور رکھنے کی کوشش کریں اور زیادہ تر میچز میں 70 میٹرز کی باؤنڈریز رکھی جائے جبکہ باؤنڈری کی زیادہ سے زیادہ لمبائی 80 میٹر ہو گی۔