Reg: 12841587     

قرآن کے مصدقہ ترجمے کی اشاعت کا معاملہ: لگتا ہے وفاق اس میں سنجیدہ نہیں: لاہور ہائیکورٹ

(مصباح لطیف اے ای انڈر گراؤنڈ نیوز)

لاہور ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ قرآن پاک کے مصدقہ ترجمے کی اشاعت کے معاملے پر وفاقی حکومت سنجیدہ نہیں ہیں۔

قرآن پاک کے مصدقہ ترجمے کی اشاعت کے متعلق عدالتی فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق درخواستوں پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے کی۔

دوران سماعت عدالت نے وفاقی اور پنجاب حکومت کے وکلا کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کریں گے وہ عمل درآمد کے متعلق بیان ریکارڈ کرائیں۔

جسٹس شجاعت علی خان نے ریمارکس دیے ہم اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس حکم پر عمل درآمد کرائیں گے، جو جتنے مرضی روڑے اٹکائے، عدالتی حکم پر عمل درآمد کرائیں گے۔

ایڈیشنل آئی جی پنجاب پولیس شہزاد سلطان سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل نے رپورٹ پیش کی۔

حکومت کی طرف سے مفصل تحریری جواب جمع نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کیا یہاں سیر کرنے آئے ہیں آپ کو معلوم نہیں تھا کہ آج سماعت ہے، 8 ماہ ہو گئے ہیں جواب کے لیے مہلت مانگی جا رہی ہے۔

جسٹس شجاعت علی خان نے ریمارکس دیے کہ گزشتہ سماعت پر پرنسپل سیکرٹری اور دیگر افسران نے یقین دہانی کروائی تھی، موجودہ نگران حکومت کیا کر رہی ہے،کیا ان کے علم میں نہیں، ایسا لگتا ہےکہ وفاقی حکومت اس معاملے میں سنجیدہ نہیں لیکن ایسا نہیں ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم وزیراعظم کو طلب کر کے پوچھ لیتے ہیں وہ عدالتی حکم پر عمل درآمد چاہتے ہیں یا نہیں۔

عدالت نے ایڈیشنل آئی جی پنجاب کی کارکردگی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا ہمیں بتائیں،کیا مسئلہ ہے، میں اس میں بہت پریشان ہوں۔

ایڈیشنل آئی جی پنجاب نے بتایا کہ کچھ ملزمان کو گرفتار کر کے چالان کیے، جس پر عدالت نے کہا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو معاملہ دیکھنا چاہیے، کیا 2026 یا 27 کی تاریخ ڈال دیں، افسران کو بتانا چاہیےکہ وہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Previous Post

کراچی: شہر کے ساحلی علاقوں میں عجیب سی بدبو کا معمہ حل ہو گیا

Next Post

پاکستان کے معروف اداکار اعجاز اسلم نے انکشاف کیا کہ ان کے ساتھ کراچی میں دو بار ڈکیتی کی واردات ہوئی جو کافی دلچسپ تھی۔

Related Posts
Total
0
Share