اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کی سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کھلی عدالت میں سماعت ہوگی۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی فارن فنڈنگ کی تحقیقات کے معاملے پر پھر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کھلی سماعت کے بارے میں اپنا موقف پہلے ہی جاری کر چکا، سکروٹنی کمیٹی پہلے کی طرح اپنی کاروائی جاری رکھے گی، سکروٹنی کمیٹی کی کاروائی اوپن نہیں ہو گی، سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد الیکشن کمیشن معاملے کی کھلی عدالت میں سماعت کرے گا۔
فارن فنڈنگ کیس: سکروٹنی کمیٹی کی کارروائی عوامی سطح پر نہیں ہوسکتی: الیکشن کمیشن
کچھ روز قبل بھی فارن فنڈنگ کیس پر ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ سکروٹنی کمیٹی کی فارن فنڈنگ کیس میں کارروائی جاری ہے، سکروٹنی کمیٹی کی کارروائی عوامی سطح پر نہیں ہوسکتی، غیر ضروری اور شواہد کے بغیر تبصروں سے گریز کیا جائے، اس کیس کی سماعت تمام فریقین کے سامنے ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی اپنی جامع سفارشات الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی، کمیشن کھلی سماعت میں سفارشات دونوں پارٹیوں کو مہیا کرے گا، الیکشن کمیشن بغیر کسی خوف یا دباؤ کے میرٹ پر فیصلہ کرے گا۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت ہونی چاہیئے، چیلنج کرتا ہوں فارن فنڈنگ کیس ٹی وی پر براہ راست دکھایا جائے، فارن فنڈنگ کیس میں پارٹی سربراہوں کو بٹھا کر کیس سننا چاہیئے، سیاسی فنڈ ریزنگ صرف تحریک انصاف نے کی، اوورسیز پاکستانیوں کے بھیجے گئے ترسیلات زر سے ملک چلتا ہے۔