اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو غریب اور کم آمدنی والے طبقوں کیلئے ہاؤسنگ کے منصوبوں پر فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم نے اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں راوی اربن ڈویلپمنٹ، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ، والٹن ائیرپورٹ کی منتقلی اور پنجاب میں لوگوں کو کم لاگت والے مکانات کی فراہمی سمیت مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کم لاگت مکانات کی تعمیر کی تکمیل کیلئے نظام الااوقات مقرر کئے جائیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر پنجاب کے پچیس سے ستائیس اضلاع میں تین سے پانچ مرحلے کے کم لاگت مکانات تعمیر کئے جائیںگے اور اس کے بعد اس کا دائرہ کار 87 مختلف مقامات تک بڑھایا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں پنجاب کی حکومت منصوبے کیلئے اراضی اور سرمایہ فراہم کرے گی۔
راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے کے بارے میں وزیراعظم نے کہاکہ یہ منصوبہ لاہور کے عوام کی سماجی ومعاشی ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
اس منصوبے سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کیلئے روزگار کے مواقع بھی میسر آئیںگے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ راوی سٹی منصوبے کے ڈیزائن سے متعلق معاملات حتمی مرحلے میں ہیں اورسرمایہ کاروں کی ایک کانفرنس کے انعقاد کیلئے اقدامات کیئے جا رہے ہیں۔
اجلاس کو منصوبے کیلئے اراضی کے حصول کیلئے ابھی تک کی پیشرفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔